ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / مینگلور کے قریب اپن انگڈی اسٹیٹ ہائی وے پر جنگلی ہاتھی نے کیا کار پر حملہ۔ 7زخمیوں میں ایک کی حالت نازک۔ اومنی کار تباہ

مینگلور کے قریب اپن انگڈی اسٹیٹ ہائی وے پر جنگلی ہاتھی نے کیا کار پر حملہ۔ 7زخمیوں میں ایک کی حالت نازک۔ اومنی کار تباہ

Sat, 23 Jun 2018 18:43:28    S.O. News Service

مینگلور23؍جون (ایس او نیوز) اپن انگڈی سبرامینا اسٹیٹ ہائی وے پر صبح کی اولین ساعتوں میں ایک جنگلی ہاتھی نے ماروتی اومنی کار پر اپنے جسم سے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں کار میں موجود سات افرادزخمی ہوگئے ۔ ان میں سے ایک شخص کی حالت نازک بتائی گئی ہے جبکہ اومنی کار بری طرح تباہ وبرباد ہوگئی ہے۔

اطلاع  کے مطابق ماروتی اومنی کار دھرمستھلا سے سبرامنیا کی طرف جارہی تھی۔جب یہ کار بیلی نیلے نامی مقام پر پہنچی تو ڈرائیور نے دیکھا کہ ایک جنگلی ہاتھی سڑک پار کررہا ہے۔ ڈرائیور نے کار کو ہاتھی کے قریب لے جاکر روکا۔ جس سے ہاتھی مشتعل ہوگیا اور اس نے اپنے جسم سے کار کو دھکے مارنا شروع کیا۔کار میں موجود افراد کی خوش قسمتی سے اسی وقت ایک بس وہاں پہنچ گئی۔ ہاتھی کو کارپر حملہ کرتے دیکھ کر بس ڈرائیورنے زوروشور کے ساتھ مسلسل ہارن بجانا شروع کیا۔اس کے بعد ہارن کے شور سے گھبراکرہاتھی وہاں سے جنگل کی طرف لوٹ گیا۔ لیکن تب تک کار کے مسافر زخمی ہوگئے تھے اور کار بری طرح تباہ وبرباد ہوچکی تھی۔مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اگر بروقت بس وہاں نہیں پہنچتی تو کارمیں موجود مسافروں کا انجام بہت برا ہوسکتا تھا۔


Share: